سوال جلد ی ارسال کریں
اپ ڈیٹ کریں: 2019/11/12 زندگی نامہ کتابیں مقالات تصویریں دروس تقریر سوالات خبریں ہم سے رابطہ
زبان کا انتخاب
همارے ساتھ رهیں...
فهرست کتاب‌‌ لیست کتاب‌ها

(4)قیام امام حسین (علیه السلام) میں نمازکی ترویج - محمدعادل عابدی

پہلاقسط
قیام امام حسین علیہ السلام کامقصداورہدف دین مبین اسلا م کی حفاظت اور اس کی اصل اورحقیقی شکل و صورت کی بقاء تھا یہ جملہ آپ نے بارہاسناہوگااورخود بھی اس بات کے قائل ہوں گے ہم بھی اس نظریہ کے حامی ہیں اورمختلف پہلووں سےاس نظریہ کی تحلیل کرتے رہتے ہیں تاکہ یہ نظریہ واضح اورروشن ہوکر سامنے آئے اورجس طرح سے امام علیہ السلام نے دین کوبچایااس سے بھی آشنائی ہوجائے دین مبین اسلام عقائد، احکام اوراخلاق کامجموعہ ہے اور قیام امام حسین علیہ السلام کے اندراخلاق اسلامی پرعمل ان کی ترویج ،تبلیغ ،بقاء اسلام اورحفاظت کیلئے امام علیہ اسلام آپ کے اصحاب اوراہل بیت نے جوروش اپنائی اورجس طرح سے آگے بڑھے اس حوالے سے ہم ایک مستقل مقالہ لکھ چکے ہیں ۔
اب اس مقالے میں احکام کی باری ہے جن کاتعلق فروع دین سے ہوتا ہے اورفروع دین میں سے خصوصاً نماز،جہاد ،تولی،تبری ،امرباالمعروف اورنہی ازمنکر قیام امام حسین علیہ السلام کے اندر بہت زیادہ واضح طورپر نظرآتے ہیں اورجس طرح سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ امام کاقیام اخلاق اسلامی کی حفاظت اورترویج کیلئے تھا اسی طرح سے یہ بھی کہا جاسکتاہے کہ امام کاقیام فروع دین کی حفاظت اوربقاء کیلئے تھا اوردرج بالا چھ چیزیں توآپ کے قیام کے دوران ہر جگہ نظر آئیں۔روزوں کا مخصوص موسم ہے اوراس وقت آپ مکہ میں تھے لہذا آپ نے وہاں پر ماہ مبارک رمضان اوراس کے روزں کی ترویج کی اس کے بعدآپ مسافرتھے حج بیت اللہ کواداکرنے نہیں دیا گیا زکوۃ کی بھی عملی ترویج آپ کیلئے ممکن نہ تھی اورخمس تو ویسے بھی آپ کااپناحق ہے البتہ آپ نے ان چیزوں کی بھی ترویج کیاورقیام کے اہداف میں ان کی حفاظت اوربقاء بھی مدنظر تھی عملی حوالے سے ان چیزوں کیلئےشرائط موجودنہ تھےجبکہ باقی چھ چیزوں کیلئے شرائط موجود تھے۔
اس مقالے میںدرج بالاچھ چیزوںمیں سے اہم ترین فریضہ یعنی نماز کی حفاظت اورترویج کے چندنمونے مختصر طریقے سے پیش کرنے کی سعادت حاصل ہورہی ہے چونکہ نماز ہی وہ فریضہ ہے کہ اگر یہ قبول ہوگئی تو باقی اعمال بھی قبول ہوجائیں گے اوراگر یہ قبول نہ ہوسکی توپھر کوئی عمل بھی قبول نہیں ہوگا حتیٰ عزاداری امام حسین بھی قبول نہیں ہوگی۔البتہ باقی پانچ میں سے جہاد کے بارے میں ایک جداسے مقالہ لکھنے کی ضرورت ہے چونکہ قیام امام حسین علیہ السلام اول سے آخر تک جہاد ہی جہاد ہے ۔قیام امام حسین علیہ السلام کے اندرنماز کی ترویج وحفاظت کیسے کی گئی اورامام علیہ السلام اورآپ کے اہل بیت واصحاب نے نماز کی ترویج وتبلیغ کیلئے کیاطریقہ اپنائے؟ چند تاریخی نمونے سےمطلوبہ نتیجے تک پہنچتے ہیں ۔
قیام کاآغاز اورنماز: امام حسین علیہ السلام نے اپنے قیام کاآغازمدینہ ہی سے کردیاتھا یہیں سے نماز کی ترویج اورتبلیغ پراپنے کردار ،عمل اوراپنی سیرت کے ذریعے تاکید شروع کردی تاریخی اسناد بتاتی ہیں کہ والی مدینہ ولید ابن عربہ ملعون کاقاصد عبداللہ بن عمر بن عثمان آپ کودربار مدینہ میں پیش ہونے کیلئے آپ کے گھر بلانے کیلئے آیا تو آپ گھرمیں نہیں تھے مسجدنبوی میں گئے ہوئے تھے قاصد کو جب یہ معلوم ہوا تو سیدھا مسجد نبوی میں آیا اورامام سے ملاقات کی ۔1
پھر تاریخ یہ کہتی ہے کہ آپ سیدھے گھر تشریف لائے پانی منگوایا ،وضو کی تجدیدفرمائی لباس تبدیل کیا اور دورکعت نماز پرھی اوراللہ تعالی ٰ سے دعا مانگی اس کے بعدمنظم طریقے سے دربارکی طرف چلے۔2
دربارولید بن عتبہ سےواپسی پرہاشمی نوجوانوں کوگھر پہنچاکررات کی تاریکی میں اپنے نانارسول خداﷺ کی قبرمبارک پرتشریف لے گئے اورصبح تک وہیں رہے تاریخی روایات کے مطابق اپنے ناناکی خدمت میں سلام عرض کرنے اورموجودہ حالات کی طرف اشارہ کرنے کے بعد آپ علیہ السلام نماز پڑھتے اوررکوع سجود کرتے رہے اوریوں صبح تک عبادت میں مشغول رہے 3 
اگلی رات دوبارہ اپنے ناناکی قبر مبارک پرچلے گئے چند رکعت نماز پڑھی دعاکی نانا پاک کوخواب میں بھی دیکھاآپ سے وداع کیا پھر اپنی ماں زہراء سلام اللہ علیہاکی قبر مبارک پر تشریف لے گئے وہاں بھی نمازپڑھی اورمخصوص انداز میں وداع کیا پھر اپنے برادربزرگ حضرت امام حسن علیہ السلام کی قبر مبارک پر تشریف لے گئے اورچند رکعت نماز پڑھی اورپھر آخری الوداع کرکے واپس گھر آئے اوریوں ہمیشہ کیلئے مدینہ چھوڑدیا۔4
ان چند نمونے پرغور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ امام حسین علیہ السلام اپنے قیام کی ابتداء ہی میں مسجد اورمعصومین کے قبروں کی اہمیت بھی بیان کررہے تھے اوردین مبین اسلام کے سب سے اہم فریضے یعنی نماز کی اہمیت کواضح کرتے ہوئے اس کی بھی عملی ترویج کررہے تھے ۔
قیام کامرکز اورنماز: دین بچانے کےلئےامام حسین علیہ السلام نے قیام کا مرکز مکہ مکرمہ کو قراردیا جوکہ تمام امت اسلامی کیلئے مرکزومحور ہے خانہ خدا اسی شہر میں ہے اورخصوصا امام علیہ السلام جب مدینہ چھوڑ کرمکہ جارہے تھے تو حج کاموسم نزدیک ہونے کی وجہ سے اس شہر کی اہمیت اوربھی بڑھ چکی تھی دنیاکے ہرکونے سے مسلمانوں کے نمائندہ افراد نے حج کیلئے مکہ معظمہ آناتھا لہذا امام علیہ السلام کیلئے اسلامی سلطنت کے گوشہ وکنار تک اپنے پیغام کوپہنچانااورلوگوں کواپنے اہداف سے مطلع کرنا بہت آسان تھا ۔تاریخ گواہ ہے کہ قریش مکہ کےعلاوہ مکہ مکرمہ میں دوسرے شہروں اورعلاقوں سے آکر آبادہونے والے اوراسی سے دنیاکے اطراف واکناف سے حج بیت اللہ کے لئے آنے والے مسلمانوںکے گروہوں کے گروہ اس عرصہ کے دوران جو کہ چار ماہ پانچ دن بنتے هیںامام علیہ اسلام سے ملتےرہے امام علیہ السلام کے پیچھے نماز باجماعت پڑھتے اورامام علیہ السلام کے درس حدیث میں شرکت کرتے تھے آپ سے دینی احکام اورپیامبراکرمﷺ کی احادیث کے بارے میں سوال وجواب کرتے اورآفتاب امامت کی روشنی اورنور سے اپنی اپنی استعداد کے مطابق استفادہ کرتے تھے ۔5
عبداللہ بن زبیر جوکہ مدینہ منورہ میں امام حسین علیہ اسلام کیساتھ مسجد نبوی میں ہی تھا جب والی مدینہ کا قاصد بلانے کے لئے آیاتھااورپھرامام(علیه السلام)سے مشورہ کرنے کے بعد مدینہ سے فرارکرکے نامعلوم راستوں سے ہوتا ہوا مکہ میں آپہنچاتھا اورایک بہت بڑی شخصیت کے طور پر مطرح ہورہا تھا حتی ٰ اگر امام حسین نہ آتے تو اس کی بیعت بھی کرلی جاتی جیسا کہ امام علیہ السلام کے مکہ سے چلے جانے کے بعد کچھ عرصہ بعد اس کی بیعت کی گئی امام علیہ السلام کی شخصیت کا مکہ میں آنے کےبعد ایسااثرہواکہ نہ صرف عام لوگ ابن زبیر کو چھوڑ کر امام علیہ السلام کی نمازمیں شرکت کرنے لگے بلکہ خود ابن زبیرنے بھی خانہ کعبہ کے اندر اپنے لئے مخصوص کی ہوئی جگہ جہاں مصلیٰ بچھاکرمشغول عبادت رہتاتھااوراپنے آپ کوبہت بڑا عابد ظاہر کرتاتھا چھوڑ کرامام علیہ السلام کی نماز جماعت اورآپ کے حلقہ درس میں شرکت کرناشروع کردی اورآپ کی نماز جماعت اورحلقہ درس سے اس قدر رعب میں آگیاکہ اگر چہ دل سے چاہتاتھاکہ امام علیہ السلام مکہ چھوڑ جائیں اورکبھی کبھی ایسی باتیں زبان پربھی لاتا تھالیکن عام طور پرامام علیہ السلام سے کہتا تھا کہ میں آپ کی بیعت کرتاہوں آپ ادھرہی رہیں ۔6
نمازکی اہمیت قیام امام حسین علیہ السلام کے اندر امام کی اس فرمائش سے بھی روشن ہوتی ہے جوعبداللہ بن عمر سے آپ نے کی جب اس نے امام کی دعوت کو قبول نہ کیاتو آپ نے اسے فرمایا اے عمرکے بیٹے: اگرمیراساتھ دینا تیرے لئے مشکل ہے تو جا تو آزاد ہے لیکن ایک کام ضرور کرنا اوروہ یہ کہ ہرنماز کے بعد میرے حق میں دعا کوفراموش نہ کرنا ۔7
مکہ معظمہ میں رہتے ہوئے جہاں مختلف علاقوں کے لوگ امام سے ملاقات کررہے تھے اورامام کی نماز جماعت ودرس حدیث سے استفادہ کررہے تھے وہاں امام نے اسی مرکز میں رہتے ہوئے مختلف بڑے بڑے شہروں کے بڑے سرداروں اوراپنے ماننے والے یاموثر شخصیات کوخط لکھ کر یا قاصد بھیج کربھی رابطہ کیا اوراسی طرح سے بعض لوگوں نے آپ سے رابطہ کیاجن میں سرفہرست کوفہ کے رہنے والے لوگ ہیں جن میں سے ابتداء تو اہل بیت کے طرف داروںنےامام کوخطوط لکھ کر اوراپنے نمائندے بھیج کر آپ کوکوفہ آنے کی دعوت دی لیکن بعد میں حالات کودیکھ کر بعض منافقین نےبھی امام کوخط لکھے ۔
لیکن جب کوفہ کے حالات امام حسین علیہ السلام کے خلاف اوریزید کے حق میں ہوگئےتو یہی لوگ آگے آگے نظر آنے لگےحتی کربلا میں امام علیہ السلام کے مقابلے میں آگئے لیکن جب حالات امام علیہ السلام کے حق میں نظر آرہے تھے امام کوخطوں پرخط لکھے جارہے تھے اورکئی کئی نمائندے مختلف گروہوں اورشخصیات کی نمائندگی میں مکہ آکر امام سے کوفہ آنے کیلئے اصرار کررہے تھے تو امام علیہ السلام نے سب سے پہلا جو کام کیا وہ یہ نہیں تھا کہ ٹھیک ہے اب تمہارے اتنے اتنے خطوط اورنمائندے آچکے ہیں میں اپنا نمائندہ بھیجتا ہوں یا خود آتاہوں بلکہ آپ علیہ السلام نے کوفی نمائندوں کو باضابطہ جواب دینے سے پہلے اٹھ کر وضوکیا مسجد حرام میں خانہ کعبہ کے پاس جاکررکن ومقام کے درمیان دورکعت نمازادا کی پھر کوفیوں کے اصرار کے حوالے سے دعائےخیر کی اورپھر آخر میں کوفی نمائندوں کوبلاکر انہیں رسمی طور پر وہ جواب دیا جس کے مطابق آپ نے جناب مسلم بن عقیل کواپنانمائندہ بناکرکوفه بھیجا۔8
خلاصہ یہ کہ مکہ مکرمہ میں جو ایک سو پچیس دن آپ کا اورآپ کے کاروان کاقیام تھااس دوران آپ علیہ السلام نے جہاں خانہ کعبہ مسجد الحرام اوردرس حدیث کی اہمیت کواپنے عمل سے روشن کیا اورامکانات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے قیام کے اہداف کوتمام حاجیوں کے ذریعے مملکت اسلامیہ کے کونے کونے تک پہنچایا وہاں دین مبین اسلام کے ضروری ترین فریضه نماز کی عملی تبلیغ وترویج کی ۔اورثابت کر دیا کہ قیام کے اہداف میں سے ایک نماز کی ترویج اورحفاظت کرناہے ۔
نائب امام اورنماز:
جب امام حسین علیہ السلام نے قیام کا مرکز مکہ مکرمہ کوقراردے کر دین حقیقی کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات شروع کردئے اگرچہ قریش مکہ نے جس طرح سے کہ خودنبی اکرمﷺ کا ساتھ نہیں دیاتھا بلکہ مکہ چھوڑ جانے پرمجبور کردیاتھاامام حسین علیہ السلام کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا لیکن دوسرے بڑے شہروں تک جب قیام امام علیہ السلام کی خبرپہنچی تووہاں امام علیہ السلام کےساتھ دینے کیلئے کچھ لوگوں نے فعالیت شروع کی جن میں کوفہ کے لوگ سب سے آگےتھے خصوصا ً وہاں کے بعض نے تو والی کوفہ کے پیچھے نمازپڑھنا اوراس سے رفت وآمد رکھنابھی چھوڑ دیا اورامام کے کوفہ آنے کے انتظارکرنے لگے ۔
بہرحال جیساکہ تاریخی روایات بتاتی ہیں اورتمام مومنین آگاہ ہیں کہ امام علیہ السلام نے خود مکہ میں رہتے ہوئے کوفیوں کے امداد اوراپنے اوپر اتمام حجت ہوجانے کے بعد جناب مسلم بن عقیل کو اپنے نائب کے عنوان سے کوفہ بھیجااورتما م ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے خود کوفیوں کے نام بھی ایک خط بھیجاجس میں ان کے لئے بھی اپنے آنے یانہ آنے کی شرائط اورضروری ہدایات درج تھیں ۔حضرت مسلم مکہ سے نکلے اورمدینہ منورہ تشریف لائے اب تاریخ کہتی ہے آپ مدینہ میں وارد ہونے کے بعد سب سے پہلے مسجد نبوی میں تشریف لےگئے وہاں چندرکعت نماز پڑھی پھر اپنے رشتہ داروں سے الوداع کیا اوراس کے بعد کوفہ کی راہ لی ۔9 
کوفہ پہنچے اوراٹھارہ ہزارافراد کے بیعت کرلینے کے بعد یکدم کوفہ کے حالات جب بدل گئے آپ کے میزبان جناب ہانی بن عروہ کوگرفتار کرکے ان پر ظلم کیاگیا اورحالات نے جناب مسلم کوقیام کرنے پر مجبورکردیاتواگر چہ ابتداء میں چہار ہزارافراد آپ کی آواز پرلبیک کہتے ہوئے نکلے البتہ دشمن نے ایسی چال چلالی کہ دارالامارہ تک پہنچتے پہنچتے صرف تین آدمی رہ گئے لیکن ان سب کے باوجود جب نماز مغرب کا وقت ہواتوپھر جناب مسلم نے جامع مسجد میں جاکر نماز پڑھائی ۔01نمازکے دوران لوگوں نے ایسی خیانت کی اوردشمن کی چال ایسے کامیاب ہوئی کہ نماز کے بعد صرف تیس آدمی آپ کے ہمراہ تھے اورجب کوفہ کی گلیوں سے ہوتے ہوئے جناب طوعہ کے گھر کے دروازے پرپہنچے توتنہاتھے رات کاوقت تھااورآپ کی زندگی کی سب سے مشکل ترین رات اورآخری رات تھی لیکن آپ کی سیرت اس رات بھی یہی رہی کہ جوحجرہ جناب طوعہ نے آپ کودیا تھااس حجرے میں تمام رات عبادت ونمازوتسبیح واستغفارہی میں مشغول رہے اورشہادت کے وقت بھی تکبر،استغفارمحمدوآل محمدپردروداوردعائیہ کلمات آپ کی زبان پرجاری تھے۔11
۔۔۔۔۔جاری ہے۔
---------------------------------
1 ۔الفتوح ابن اعم ج۶ ص ۱۶ ،مقتل الحسین خوارزمی ج۱ ص۱۸۱تاریخ طبری ج۴ ص ۲۵۱، الامامہ والسیاسہ ج۱ ص ۱۷۶ ، کامل ابن اثیر ج ۳ص ۳۷۸
2 ۔مقل امام حسین ،محمدرضا طبسی نجفی س۱۹۴
3 ۔مقتل معصومین ،تالیف گروہ حدیث پژوہشکدہ ،باقرالعلوم ج ۲ص ۱۲۹ ، بحارالانوارج ۴۴ ص۳۲۷
4 ۔ امالی صدوق ص۱۳۰ ، اخبارالطوال ص۲۲۸ مقتل الخوارزمی ج ۱ص ۱۸۴ بحارالانوار ج ۴۴ ص۳۲۸ ،موسوعہ کلمات امام حسین ص۲۸۷
5 ۔حیات فکری وسیاسی امامان ،رسول جعفریان ص۱۸۲ ،الفتوح ،احمد بن اعثم ج۵ ص ۳۷
6 ۔البدایہ والنہایہ ،ابن کثیرج۸ ص۱۵۱ تاریخ طبری ج۳ ابوجعفرمحمدبن جریرطبری ص۲۹۵
7 ۔الفتوح ، احمدبن اعثم ج ۵ ص ۲۶ مقتل خوارزمی ج ۱ ص ۱۹۰، الکامل فی التاریخ ج ۲ ص ۵۴۵
8 ۔ الفتوح ،احمدبن اعثم ج۵ ص۳۴ 
9 ۔ ارشاد، شیخ مفید ص۲۰۴ ،الفتوح ،احمد بن اعثم ج ۵ص ۳۵ مقتل خوارزمی ج۱ ص ۹۶
10 ۔تاریخ طبری ج۴ ص۲۷۷ ابوجعفرمحمدبن جریر طبری ، الفتوح ،احمد بن اعثم ج۵ ص ۹۳اخبارالطوال، احمدبن دادودنیوری ج۳ ص ۲۵۴
11 ۔ بحارالانوار،علامہ مجلسی ج۴۴ ص ۳۵۷،الاشارہ شیخ مفیدص ۱۹۹